میئر مرتضیٰ وہاب کی قیادت میں کراچی میں ترقیاتی کام جاری ہیں، مخالفین عوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہے
سندھ کابینہ کی جانب سے کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے ساڑھے 6ارب روپے کے بجٹ کی منظوری کا بھرپور خیرمقدمکراچی (پ ر) میئر کراچی کے ترجمان اور کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن میں پاکستان پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی نے سندھ کابینہ کی جانب سے کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے اربوں روپے کے بجٹ کی منظوری کا بھرپور خیرمقدم کرتے ہوئے اسے شہر کی ترقی کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔اپنے بیان میں کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ اجلاس میں کراچی کے لیے 6اعشاریہ 5 ارب روپے سڑکوں کی بحالی اور 2 ارب روپے ایس تھری منصوبے کے لیے مختص کرنا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کراچی کی ترقی کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کو 24 ٹاؤنز میں روڈ انفرااسٹرکچر بہتر بنانے کے لیے ساڑھے 6 ارب روپے کے فنڈز کی فراہمی شہریوں کے لیے ایک خوش آئند اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت کابینہ کی سب کمیٹی برائے فنانس کے اجلاس میں 24 ٹاؤن میونسپل کارپوریشن میں سڑکوں کی بحالی کے لیے 13 ارب روپے کی منظوری دی گئی جبکہ کورنگی صنعتی علاقے میں پرانے سیوریج پمپنگ اسٹیشن کی ہنگامی مرمت کے لیے 364 ملین روپے کی خصوصی گرانٹ مختص کی گئی ۔لیاری ایکسپریس وے کے ساتھ 32 انچ قطر پائپ لائن بچھانے کے لیے 1258.859ملین روپے کی اضافی منظوری دی گئی جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پیپلزپارٹی کی زیر قیادت سندھ حکومت کراچی کی ترقی کیلئے پوری طرح متحرک ہے۔ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی نے مخالفین پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی ترقی کے دشمن مختلف حربے استعمال کر رہے ہیں، جن میں مین ہولز کو بند کرکے نکاسی آب کے نظام کو متاثر کرنا بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر دراصل عوام دشمن ہیں جو شہر میں بہتری کے عمل کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کراچی کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے، جبکہ دیگر جماعتوں نے ماضی میں اس شہر کو مسائل کی دلدل میں دھکیلنے کے سوا کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے بالخصوص ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان جماعتوں نے برسوں کراچی پر حکومت کی لیکن شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں مکمل ناکام رہیں۔ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی قیادت میں شہر میں دن رات ترقیاتی کام جاری ہیں، جس کی وجہ سے مخالفین کو اپنا سیاسی مستقبل تاریک نظر آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن صرف برائے مخالفت سیاست کر رہی ہے اور عوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہے۔ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ان عناصر پر کڑی نظر رکھیں جو مین ہولز میں رضائیاں اور پتھر ڈال کر نکاسی آب کے نظام کو متاثر کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر لاہور میں ہونے والے مثبت کاموں کو سراہا جا سکتا ہے تو کراچی میں ہونے والی ترقی کو بھی تسلیم کیا جانا چاہیے۔کرم اللہ وقاصی نے اپوزیشن لیڈر سے مطالبہ کیا کہ وہ ایک ہزار گلیوں کی تعمیر کے منصوبے کے حوالے سے بجٹ، پی سی ون اور ٹینڈر کی مکمل تفصیلات عوام کے سامنے پیش کریں تاکہ حقائق واضح ہو سکیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کراچی کو ایک جدید اور ترقی یافتہ شہر بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔

Comments
Post a Comment