غیر قانونی قیام اب مہنگا پڑے گا! مکہ مکرمہ میں داخلے پر پابندی عائد، سعودی وزارتِ داخلہ کا سخت الرٹ
حج سیزن 2026: عمرہ اور وزٹ ویزہ والوں کے لیے مکہ میں قیام کی ڈیڈ لائن مقرر، خلاف ورزی پر بھاری سزائیں
(ریاض/کراچی: عالمی ڈیسک، کراچی اپڈیٹس 24) سعودی حکومت نے حج سیزن 2026 کے پیشِ نظر مکہ مکرمہ میں غیر ملکیوں کے قیام کے حوالے سے انتہائی سخت اور اہم انتظامی اقدامات کا اعلان کر دیا ہے۔ سعودی وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین بیان کے مطابق، تمام غیر ملکی ویزہ ہولڈرز (بشمول عمرہ اور وزٹ ویزہ) کو 18 اپریل تک مکہ مکرمہ چھوڑنے کی ڈیڈ لائن دے دی گئی ہے۔
صرف حج ویزہ والوں کو قیام کی اجازت
وزارتِ داخلہ نے واضح کیا ہے کہ 28 اپریل کے بعد مکہ مکرمہ میں صرف ان افراد کو رہنے کی اجازت ہوگی جن کے پاس باقاعدہ حج ویزہ موجود ہوگا۔ عمرہ، وزٹ یا دیگر کسی بھی قسم کے ویزہ پر مقیم افراد کا اس تاریخ کے بعد مکہ میں قیام غیر قانونی تصور کیا جائے گا۔
سخت سزائیں اور جرمانے
حکام نے انتباہ جاری کیا ہے کہ مقررہ تاریخ (18 اپریل) کے بعد مکہ میں قیام کرنے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ خلاف ورزی کرنے والوں کو نہ صرف بھاری جرمانے ادا کرنے ہوں گے بلکہ انہیں قید کی سزا کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔
داخلے پر پابندی کا آغاز
مزید برآں، 13 اپریل سے سعودی عرب میں مقیم دیگر شہروں کے غیر ملکیوں کے لیے بھی مکہ مکرمہ میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اب صرف وہی غیر ملکی مکہ میں داخل ہو سکیں گے جن کے پاس متعلقہ حکام کی جانب سے جاری کردہ خصوصی پرمٹ موجود ہوگا۔
مقصد: حج انتظامات کی بہتری
سعودی حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد حج 2026 کے انتظامات کو منظم بنانا اور دنیا بھر سے آنے والے حجاج کرام کو بہترین سہولیات فراہم کرنا ہے۔ مکہ مکرمہ میں ہجوم کو کنٹرول کرنے کے لیے یہ پابندی ہر سال کی طرح اس بار بھی سختی سے نافذ کی جا رہی ہے۔

Comments
Post a Comment