Karachi Updates 24
بریکنگ نیوز
خوش آمدید! کراچی اپڈیٹس 24 پر آپ کو ملے گی ہر پل کی باخبر رپورٹ... کراچی میں موسم خوشگوار، سمندری ہوائیں چلنے سے گرمی کی شدت میں کمی... پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی، انڈیکس میں ریکارڈ اضافہ... سندھ حکومت کا کراچی کے لیے نئے ٹرانسپورٹ منصوبے کا اعلان...

سفاکیت کی انتہا: ٹنڈو مستی میں 'پسند کی شادی' کا خوفناک انجام، بھرے مجمع میں نوجوان لڑکی قتل

 

روبینہ چانڈیو کی دہائیاں کسی نے نہ سنیں؛ چچا نے سینکڑوں لوگوں کے سامنے گولی مار دی، بغیر کفن و نمازِ جنازہ تدفین پر انسانیت لرز اٹھی

 مانیٹرنگ ڈیسک | کراچی اپڈیٹس 24 مقام: ٹنڈو مستی، سندھ

خیرپور: سندھ کے ضلع خیرپور میں غیرت کے نام پر قتل (کارو کاری) کا ایک اور لرزہ خیز واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں بٹو چانڈیو گاؤں میں ایک نوجوان لڑکی روبینہ چانڈیو کو پسند کی شادی کرنے کی کوشش پر موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ اس واقعے کی سب سے خوفناک بات یہ تھی کہ یہ قتل کسی چھپی ہوئی جگہ پر نہیں بلکہ پورے گاؤں کے سامنے سرِ عام کیا گیا۔

پوری بستی تماشائی بنی رہی رپورٹس کے مطابق، روبینہ کو اس کے قریبی رشتہ داروں (چچا قیصر، سلیم اور بیدو) نے بازو سے پکڑ کر مجمع کے سامنے کھڑا کیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ لڑکی سب کو قسمیں دیتی رہی، واسطے دیتی رہی اور زندگی کی بھیک مانگتی رہی، لیکن وہاں موجود سینکڑوں لوگوں میں سے کسی ایک کا دل بھی نہ پسیجا اور اسے گولی مار دی گئی۔

صدام کی واپسی اور قتل کا منصوبہ بتایا جاتا ہے کہ مقتولہ روبینہ کو اس کا مبینہ عاشق صدام ایک شادی کی تقریب سے ساتھ لے گیا تھا۔ تاہم، جب علاقے میں دباؤ بڑھا تو صدام نے اسی شام لڑکی کو واپس گھر بھیج دیا۔ لڑکی کے واپس پہنچتے ہی اسے 'غیرت' کی بھینٹ چڑھا دیا گیا۔ اس لرزہ خیز واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ملک بھر میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔

انسانیت کی تذلیل: بغیر کفن تدفین ظلم کا سلسلہ یہاں ختم نہیں ہوا۔ مقتولہ روبینہ چانڈیو کو قتل کرنے کے بعد اسلامی شعائر اور انسانی اقدار کے برعکس، بغیر کفن اور بغیر نمازِ جنازہ کے ایک گڑھے میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ یہ عمل نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ معاشرے کے ماتھے پر ایک بدنما داغ بھی ہے۔ پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے، تاہم تاحال علاقے میں خوف و ہراس پھیلا ہوا ہے۔


Comments