اسلام آباد مذاکرات کے بعد ٹرمپ کا بڑا دھماکہ: 'ایران کو ٹول ٹیکس دینے والے جہاز اب نہیں گزر سکیں گے
ٹرمپ کی ایرانی قیادت کو کھلی دھمکی: 'خامنہ ای مارے گئے، اب جوہری ارادوں کا خاتمہ ہوگا
(اسلام آباد: ویب ڈیسک، کراچی اپڈیٹس 24) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دنیا کو ہلا کر رکھ دینے والا اعلان کرتے ہوئے آبنائے ہرمز (Strait of Hormuz) کی فوری ناکہ بندی کا حکم دے دیا ہے۔ اسلام آباد میں ہونے والے حالیہ مذاکرات کے بعد صدر ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ 'سوشل ٹرتھ' پر جاری اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ اب کسی بھی ایسے جہاز کو وہاں سے گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی جس نے ایران کو 'ٹول ٹیکس' ادا کیا ہو۔
امریکی بحریہ کو 'فری ہینڈ' مل گیا
ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی بحریہ کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں داخل ہونے اور وہاں سے نکلنے والے ہر جہاز پر کڑی نظر رکھی جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایران کی جانب سے وصول کیا جانے والا ٹیکس دراصل 'جنگی بھتہ' ہے اور امریکا کسی صورت اس بھتے کا شکار نہیں ہوگا۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ صرف ان جہازوں کو محفوظ راستہ دیا جائے گا جنہوں نے ایران کو غیر قانونی ٹول ادا نہیں کیا ہوگا۔
'ایران نے خود کو تباہ کر لیا'
ایرانی قیادت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران کی فضائیہ، بحریہ اور اینٹی ایئر کرافٹ سسٹم مکمل طور پر مفلوج ہو چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ "خامنہ ای اور ان کے اکثر رہنما مارے جا چکے ہیں، اور یہ سب ان کے جوہری ہتھیاروں کے حصول کی ضد کی وجہ سے ہوا ہے۔" ٹرمپ نے واضح کیا کہ اگر کسی ایرانی نے امریکی یا کسی پرامن جہاز پر فائرنگ کی تو اسے جڑ سے مٹا دیا جائے گا۔
مذاکرات کا کیا ہوا؟
اسلام آباد میں ہونے والی ملاقاتوں کے حوالے سے امریکی صدر نے بتایا کہ زیادہ تر نکات پر اتفاق ہو چکا ہے، تاہم جوہری معاملہ (Nuclear Issue) اب بھی سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران پیسہ بنانا چاہتا ہے تاکہ ایٹمی ہتھیار حاصل کر سکے، لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ آبنائے ہرمز میں بچھائی گئی بارودی سرنگوں کو تباہ کرنے کا عمل بھی جلد شروع کر دیا جائے گا۔

Comments
Post a Comment